سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے اپنے سیفٹی چیک فیچر کو اپ
ڈیٹ کر کے اس میں نئے ٹول کمیونٹی ہیلپ کا اضافہ کر دیا۔ غیر ملکی
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فیس بک کے سوشل گُڈ کے
نائب صدر ناؤمی جلیٹ نے کہا کہ اس ٹول کی مدد سے کسی قدرتی یا حادثاتی
بحران سے دوچار افراد اپنے لیے مدد طلب یا فراہم کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا
کہ بحران کے وقت، رابطے کی اہمیت آج جتنی ہے اُتنی کبھی نہیں تھی۔
فیس بک انتظامیہ نے سیفٹی چیک کا فیچر 2014 میں لانچ کیا تھا، جس کے
ذریعے تباہ کن واقعات کے بعد فیس بک صارفین اپنے اہلخانہ اور دوست احباب کو
اپنی
خیریت سے آگاہ کرسکتے ہیں۔ فیچر کے نئے ٹول کمیونٹی ہیلپ کے
ذریعے لوگ کسی بحران کے بعد خوراک، جائے پناہ اور نقل و حمل کی مدد فراہم
کی جاسکے گی۔ ناؤمی جلیٹ نے مزید کہا کہ سیفٹی چیک کے فیچر کو مختلف
اوقات اور ضرورت کے تحت سیکڑوں بار فعال کیا گیا، لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہم
اپنی کمیونٹی کو ایک دوسرے کی مدد کے لیے زیادہ بااختیار بنا سکتے ہیں۔
فیس بک انتظامیہ کے مطابق کمیونٹی ہیلپ کے ٹول کو ابتدائی طور پر سیفٹی چیک
کے فیچر میں امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور سعودی عرب
کے لیے شامل کیا گیا ہے، جسے بعد میں دیگر ممالک تک پھیلا دیا جائے گا۔